امت نیوز ڈیسک //
سری نگر // سری نگر کے منگن بائی پاس نوگام میں بدھ کی صبح 28 سالہ نوجوان کی لاش پر اسرار حالت میں برآمد ہوئی اور بعد ازاں اس کی شناخت سهیل احمد ساکن نوا بازار کے بطور ہوئی۔ اہل خانہ نے الزام لگایا کہ سہیل احمد کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا ہے اور اس کے سر پر گہری چوٹ صاف نظر آرہی تھی۔ اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح سری نگر کے شنگن بائی پاس کے نزدیک ایک نوجوان کی لاش پر اسرار حالت میں برآمد ہوئی جس کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اس کی شناخت 28 سالہ سہیل احمد ساکن نوا بازار سری نگر کے بطور کی۔ قانونی اور طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد لاش کو وارثین کے سپر د کیا گیا۔ جوں ہی سہیل احمد کی لاش نوا بازار سری نگر پہنچائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا، خواتین سینہ کوبی کرنے لگیں اور پورا علاقےماتم کدے میں تبدیل ہو گیا۔
اہل خانہ نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران الزام لگایا کہ سہیل احمد کا قتل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سہیل احمد دو بچوں کا والد تھا۔ ان کے مطابق گزشتہ روز گھر سے نکلا تب سے اس کو موبائیل فون سوچ آف آرہا تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سہیل احمد کے سر پر گہری چوٹ تھی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے لخت جگر کا بے دردی کے ساتھ قتل کیا گیا ہے۔ اہل خانہ نے مزید بتایا کہ سہیل احمد جس سکوٹی پر نکلا تھا وہ غائب ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے مطالبہ کیا کہ سہیل احمد کے قتل میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔








