امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں حکام نے بیگ پورہ، اونتی پورہ علاقے میں آزاد احمد تیلی نامی ایک مقامی باشندے کے رہائشی مکان کو اٹیچ کر دیا ہے۔ یہ وہی پراپرٹی ہے جہاں معروف عسکریت پسند اور حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر ریاض نائکو کو انکاؤنٹر کے دوران ماراگیا تھا۔ قبل ازیں این آئی اے کی خصوصی عدالت نے ایک اور رہائشی مکان کو اٹیچ کرنے کے احکامات صادر کئے تھے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران عسکریت پسندوں کی بالواطہ یا بلاواسطہ حمایت کرنے اور عسکریت پسندوں کو پناہ فراہم کرنے کے الزامات میں دو مکانات کو اٹیچ کیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر میں حکام نے گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جنوبی کشمیر کے پلوامہ اور کولگام اضلاع میں دو رہائشی مکانات کو اٹیچ کر دیا۔ کولگام میں اٹیچ کیے گئے مکان میں سنہ 2019میں انکاؤنٹر پیش آیا تھا جس میں جموں و کشمیر پولیس کے ایک ڈی وائی ایس پی امن کمار ٹھاکر اور ایک فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔ جبکہ پلوامہ میں اٹیچ کیے گئے مکان میں بھی ایک سنہ 2020میں انکاؤنٹر پیش آیا تھا جس میں معروف عسکری کمانڈر ریاض نائکو کو ہلاک کیا گیا تھا۔جموں و کشمیر پولیس کے مطابق کولگام میں ثناء اللہ میر نامی باشندے کے رہائشی مکان کو صوبائی کمشنر، کشمیر سے ضروری اجازت نامہ حاصل کئے جانے کے بعد اٹیچ کیا گیا۔ اسی طرح کی ایک اور کارروائی میں پلوامہ ضلع کے بیگ پورہ، اونتی پورہ علاقے میں این آئی اے کورٹ، پلوامہ کی خصوصی عدالت کے احکامات کے پیش نظر آزاد احمد تیلی کی پراپرٹی کو اٹیچ کیا گیا۔











