(جموں) علاقہ پیر پنچال کے پونچھ اور راجوری اضلاع میں جنگلی علاقے میں مشتبہ عسکریت پسندوں کے خلاف مہم کو بدھ کو10دن ہوگئے۔ وہیں مینڈھر میں عوامی اعلانات کرکے مقامی لوگوں سے گھروں میں رہنے کو کہا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ بھٹا درّیاں اور آس پاس کے علاقے میں مقامی مساجد سے منادی کرکے لوگوں کو محتاط رہنے کو کہا گیا۔ فورسز اہلکارمشتبہ عسکریت پسندوں کے خلاف آخری وار کی تیاری کر رہے ہیں، جو پونچھ ضلع کے مینڈھر میں جنگلی علاقے میں چھپے ہوسکتے ہیں۔ افسران کے مطابق، لوگوں سے جنگلی علاقے میں نہیں جانے کو اور مہم کے پیش نظر اپنے جانوروں کو بھی گھروں میں رکھنے کو کہا گیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ باہر گئے لوگوں کو مویشیوں کے ساتھ گھر لوٹنے کو کہا گیا ہے۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق فوج گھنے جنگلوں والے اس علاقے میں فضائی کاروائی کرسکتی ہے۔ واضح رہے پونچھ کے سورن کوٹ علاقے میں 11 اکتوبر کو شروع ہوئے تصادم میں ایک جے سی او سمیت پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔ اگرچہ پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ (PAFF) نامی عسکری تنظیم نے پونچھ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے لیکن اآزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔










