امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 28 اپریل: جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے پیر کو پہلگام حملے کے متاثرین کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اسمبلی اجلاس کے دوران سپیکر نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس نے "پوری قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے” اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ وہ اس مہلک حملے کے پیش نظر کشمیری تاجروں، طلباء اور ملک بھر میں مقیم یا سفر کرنے والے شہریوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنائے۔
متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے سپیکر نے عادل حسین کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کیا جو سیاحوں کو بچاتے ہوئے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
سپیکر نے ایوان کے ارکان پر زور دیا کہ وہ عوام اور سیاحوں کے تحفظ اور جموں و کشمیر میں امن برقرار رکھنے کے لیے اپنی کوششوں میں متحد ہو جائیں۔
پہلگام حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایوان کے تمام اراکین نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی۔










