امت نیوز ڈیسک //
جموں : وزیر اعظم نریندر مودی 6 جون کو صوبہ جموں کے کٹرہ سے کشمیر کے لیے وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر پی ایم مودی کٹرہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک عوامی جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔
اس تاریخی سنگ میل سے قبل وزیر اعظم، دریائے چناب پر واقع دنیا کے سب سے اونچے ریلوے پل ’’ چناب پل‘‘ کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے جو ریاسی ضلع میں چناب دریا پر تعمیر ایک انجینئرنگ شاہکار مانا جاتا ہے۔
وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے سوشل میڈیا پر اطلاع دی: ’’تاریخ رقم ہونے کو ہے… صرف 3 دن باقی! جموں و کشمیر میں واقع چناب پل، جو دنیا کا سب سے بلند ریلوے پل ہے، ہندوستان کے عزم و ہمت کا نشان ہے۔‘‘
قبل ازیں، 19 اپریل کو خراب موسم کے باعث ملتوی ہونے والے افتتاحی پروگرام کو اب 6 جون کو حتمی شکل دی گئی ہے، اور اس افتتاح کو کشمیر کے لوگوں کے لیے عید کا تحفہ قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ پہلی بار وادی کشمیر کو براہِ راست ملک کے ریلوے نیٹورک سے جوڑا جا رہا ہے۔ فی الوقت کشمیر سے سنگلدان تک ہی ٹرین سروس دستیاب ہے جبکہ سنگلدن سے کٹرہ ریلوے لنک مکمل ہونے کے بعد اب کشمیری کو پوری طرح سے ملک کے ریلوے نیٹورک کے ساتھ جوڑا گیا۔
ادھر، چناب پل، شری ماتا ویشنو دیوی ریلوے اسٹیشن کٹرہ اور اسپورٹس اسٹیڈیم کٹرہ کو وزیر اعظم کے استقبال کے لیے نیا روپ دیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم کی سکیورٹی ٹیم آج شام کٹرہ پہنچے گی اور اہم مقامات کا کنٹرول سنبھالے گی۔
وزیر اعظم کا پروگرام
ایک عہدیدار کے مطابق، ’’وزیر اعظم ادھمپور میں لینڈ کریں گے، اس کے بعد چناب پل جائیں گے، اور پھر وندے بھارت ٹرین کو کٹرہ ریلوے اسٹیشن سے سرینگر کے لیے روانہ کریں گے۔ اس کے بعد وہ کٹرہ کے اسپورٹس اسٹیڈیم میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔‘‘ یہ براہِ راست ریل سروس خاص طور پر امرناتھ یاترا کے لیے اہم مانی جا رہی ہے، جو جولائی کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے والی ہے۔ وزیر اعظم کا یہ 22 اپریل کے پہلگام حملے اور ’’آپریشن سندور‘‘ کے بعد کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا۔
پہلے مرحلے میں وندے بھارت ٹرینیں بارہمولہ سے کٹرہ تک اودھمپور-سرینگر-بارہمولہ ریل لنک (USBRL) پر چلیں گی۔ جموں توی ریلوے اسٹیشن کی توسیعی کام مکمل ہونے کے بعد یہ سروس جموں تک بھی شروع ہوگی۔ دوسرے علاقوں سے آنے والے مسافر کٹرہ پر اتر کر کشمیر کے لیے نئی ٹرین میں سفر کریں گے، اور اسی طرح کشمیر سے واپس آنے والے مسافر کٹرہ اسٹیشن پر اتر کر دیگر شہروں کے لیے دوسری ٹرینوں میں سوار ہوں گے۔









