امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 4 ستمبر: انتظامیہ نے جمعرات کو سرینگر کے سات مقامات کے رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی اقدام کے طور پر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کریں۔
یہ ایڈوائزری ضلع انتظامیہ سرینگر کی جانب سے شالینہ بڈگام میں شگاف کی اطلاع کے بعد جاری کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے:”ضلع انتظامیہ سرینگر نے اطلاع دی ہے کہ شالینہ، بڈگام میں شگاف کی وجہ سے پیشگی اور احتیاطی اقدام کے طور پر لَسجن، سوتینگ، نوگام، ویئتھ پورہ، گولپورہ، پادشاہ باغ اور مہجور نگر کے رہائشیوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ان علاقوں سے نکل کر محفوظ مقامات پر چلے جائیں۔”
مقامی کمیٹیوں، مساجد اور ریونیو و پولیس حکام کے ذریعے صبح سویرے ہی ان علاقوں میں اعلانات کیے گئے۔
انتظامیہ نے لوگوں سے ہوشیار رہنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ دریائے جہلم نے سنگم اور رام منشی باغ کے قریب خطرے کی سطح عبور کی تھی۔ تاہم پانی کی سطح اب کم ہونا شروع ہو گئی ہے۔ صبح 5 بجے تک سنگم پر پانی کی سطح 27.48 فٹ ریکارڈ کی گئی جو کہ خطرے کی سطح 20 فٹ سے زیادہ ہے، جبکہ رام منشی باغ میں 22.31 فٹ ریکارڈ کی گئی جو خطرے کی سطح 21 فٹ سے زیادہ ہے۔
آئی اینڈ ایف سی (آبپاشی و فلڈ کنٹرول) محکمہ کے مطابق رات 2 بجے سنگم پر جہلم 27.64 فٹ اور رام منشی باغ پر 22.37 فٹ بہہ رہا تھا۔ (جی این ایس)









