امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 3 ستمبر: وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بدھ کو وادی میں سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے غیر مصدقہ خبروں پر عوام سے گھبرانے سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے اور واضح کیا ہے کہ کوئی بڑی شگاف یا نقصان نہیں ہوا ہے۔
ایک بیان میں عمر عبداللہ نے کہا: "ڈل گیٹ نہیں کھولے گئے ہیں، کانڈیزال بند نہ تو ٹوٹا ہے اور نہ ہی کمزور ہوا ہے۔ جہلم کا پانی ضرور بڑھ رہا ہے مگر اُس تیزی سے نہیں جیسا کہ خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔ انتظامیہ ہرگز اپنی چوکس نگاہ کم نہیں کرے گی، ہم صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن عوام سے اپیل ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔”
انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ احتیاط ضرور برتیں لیکن سکون و ضبط قائم رکھیں اور صرف سرکاری اطلاعات پر بھروسہ کریں۔










