امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 6 ستمبر :عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جمعہ کی شب ہزاروں عقیدت مندوں نے سرینگر کی معظم حضرتبل درگاہ میں شب بیداری کی اور رات بھر خصوصی عبادات میں مشغول رہے۔
اطلاعات کے مطابق فجر کی نماز کے بعد اور دن کی دیگر چار نمازوں کے دوران بھی عقیدت مندوں نے حضور اکرم ﷺ کے مقدس موئے مبارک کی زیارت کی سعادت حاصل کی۔
عید میلاد النبی ﷺ خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن ہے، جو جموں و کشمیر سمیت پورے ملک اور دنیا بھر میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس روز مسلمان اپنے ایمان کو تازہ کرتے ہیں اور حضور ﷺ کے مثالی کردار، حکمت و دانائی اور رحمت و شفقت سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔
یہ دن امن، محبت اور ہمدردی کا پیغام اجاگر کرتا ہے، مسلم برادری میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیتا ہے اور مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان اسلام کی بنیادی اقدار کو اجاگر کرتا ہے۔ اس موقع پر علمائے کرام اجتماعات سے خطاب کرتے ہیں اور حضور ﷺ کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہیں۔ (جی این ایس)









