امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 9 ستمبر : وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز گرفتار ڈوڈہ ایم ایل اے مہراج ملک کے والد اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ انہوں نے اس بات کو دہرایا کہ ایک منتخب عوامی نمائندے پر پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) عائد کرنا سراسر ناانصافی ہے۔
ایجنسی کشمیر نیوز کارنر (کے این سی) کے مطابق، عمر عبداللہ نے ایک پوسٹ میں لکھا:”آج میں نے جناب مہراج ملک، معزز ایم ایل اے ڈوڈہ، کے والد اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ میں نے دہرایا کہ معزز ایم ایل اے کے خلاف پی ایس اے کا استعمال بالکل غیر منصفانہ اور اختیارات کے صریح غلط استعمال کے مترادف ہے۔”
وزیر اعلیٰ نے اس سے قبل میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے زور دیا کہ اگر کوئی اختلافات ہیں تو انہیں جمہوری عمل اور اسمبلی کے طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، نہ کہ پی ایس اے جیسے سخت قوانین کے تحت۔ (کے این سی)








