امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک پاکستانی ڈرون کی پرواز دیکھی گئی، جس کے بعد سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر آ گئیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ڈرون جمعہ کی دیر رات پاکستان کے چک بھورا پوسٹ کی جانب سے اُڑتا ہوا نظر آیا اور کچھ منٹ تک ریگل گاؤں (تحصیل گھگوال) کے اوپر منڈلاتا رہا۔ بعد میں ڈرون واپس سرحد پار چلا گیا۔
واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے پورے علاقے میں تلاشی کارروائی چلائی تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کہیں ڈرون کے ذریعے اسلحہ، منشیات یا کوئی اور ممنوعہ سامان تو نہیں گرایا گیا۔ حکام کے مطابق اب تک ایسا کوئی مشتبہ مواد نہیں ملا ہے، تاہم سرچ آپریشن جاری ہے۔
سرحدی علاقوں میں ڈرون کی بڑھتی سرگرمیوں کے پیش نظر بی ایس ایف اور دیگر ایجنسیاں سخت نگرانی کر رہی ہیں۔










