امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی اپنے نام کرنے والی جموں کشمیر کرکٹ ٹیم کو جہاں سابق بین الاقوامی کھلاڑیوں اور معروف شیخصیات کی جانب سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے وہیں جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
رنجی ٹرافی میں تاریخی فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کرناٹک کے خلاف ان کے ہوم ٹرف پر زبردست جیت کے بعد کھلاڑیوں اور معاون عملے کے لیے 2 کروڑ روپے کے نقد انعام کا اعلان کیا۔
انہوں نے اس تاریخی جیت کو پورے خطے کے لیے فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑی وضع کردہ قوانین کے تحت سرکاری تقرریوں کے بھی حقدار ہوں گے۔
جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے عزم کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا: "جموں و کشمیر کا بہترین وقت آ گیا ہے۔ ہماری کرکٹ ٹیم نے رنجی ٹرافی اپنے نام کی جس پر پوری یو ٹی کی طرف سے آپ کا شکریہ۔”
ادھر، جموں کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اسے تاریخی لمحہ قرار دیا۔





