(سرینگر) کشمیر میں مقیم پنچایتی نمائندے اتوار کو وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے موقع پر پنچایتی راج دیوس میٹنگ میں شرکت کے لیے سانبہ کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تمام عوامی نمائندوں (سرپنچ، پنچ، ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی) کو فول پروف سیکورٹی کے درمیان قافلے میں لے جایا جا رہا ہے۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی نمائندے پنچایتی راج دیوس میٹنگ میں بات چیت کریں گے اور اس میں شرکت کریں گے، جس کا مقصد وزیر اعظم نریندر مودی کی سرپرستی میں مختلف ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینا ہے۔ واضح رہے وزیر اعظم مودی کروڑوں کے صنعتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے والے ہیں اور صنعتی سرمایہ کاری کا آغاز کریں گے، اور مختلف عوامی فلاحی سکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یاد رہے انتظامیہ نے سانبہ ضلع کے سرحدی گاؤں پالی میں وسیع انتظامات کیے ہیں، جہاں وزیر اعظم ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرنے والے ہیں۔ خیال رہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد وزیر اعظم کا مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کا یہ پہلا دورہ ہے.











