(ئی دہلی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کو یہاں ایک میٹنگ میں جموں و کشمیر میں امرناتھ یاترا کے دوران سیکورٹی انتظامات، سفری تیاریوں اور ریاست میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ میٹنگ میں کشمیری پنڈتوں کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ امیت شاہ کی صدارت میں ہوئی میٹنگ میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، مرکزی داخلہ سکریٹری اجے بھلا اور سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔واضح رہے کہ امرناتھ یاترا جو کہ کورونا کی وجہ سے پچھلے دو سالوں سے مسلسل ملتوی ہے، 30 جون سے شروع ہو رہی ہے۔ ملاقات میں موسم، مواصلاتی نظام، یاترا کے روٹ پر سکیورٹی ، زائرین کے لیے صحت کی سہولیات اور دیگر ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاترا سے متعلق ضروری معلومات لینے کے بعد امیت شاہ نے سبھی سے تیاریوں کو مضبوط بنانے اور حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دینے کو کہا ہے۔سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے وزیر داخلہ کو ریاست کی صورتحال کے بارے میں حقائق اور اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔










