امت نیوز ڈیسک // پولیس نے منگل کو شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے جوہامہ علاقے میں لشکر طیبہ کے ایک ہائبرڈ جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایک بیان میں، پولیس نے کہا کہ آج تقریباً 16:00 بجے، پولیس اور 52 آر آر کی مشترکہ پارٹیاں جوہامہ کراسنگ کے قریب ناکے کی چیکنگ کر رہی تھیں۔ دوران چیکنگ ناکہ پارٹی نے ایک نامعلوم شخص کی مشکوک حرکت دیکھی جو کانسپورہ کی طرف آرہا تھا۔ ناکہ پارٹی کو دیکھ کر مذکورہ شخص نے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم، ناکہ پارٹی نے اس شخص کو پکڑ لیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پوچھ گچھ پر اس شخص نے اپنی شناخت شاہد احمد پرے ولد علام احمد پرے ساکنہ کاٹھ پورہ حاجن، ضلع بانڈی پورہ کے طور پر ظاہر کی ۔ شخص کی تلاشی پر
1 پستول، 1 پستول میگزین، 07 راؤنڈ اور 2 دستی بم برآمد ہوئے ۔
انہوں نے کہا کہ مزید پوچھ گچھ پر عسکریت پسند نے انکشاف کیا کہ وہ کالعدم تنظیم (ایل ای ٹی) لشکر طیبہ کے لیے ایک ہائبرڈ عسکریت پسند کے طور پر کام کر رہا تھا۔ کیس ایف آئی آر نمبر 107/2022 سیکشن 7/25 انڈین آرمس ایکٹ، 13، 16، 18، یو اے (پی) ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ بارہمولہ میں درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کی گئی ہے۔










