(سرینگر) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جموں وکشمیر میں گزشتہ روز چھاپے مارے، اس دوران این آئی اے نے دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ این آئی اے کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز عسکری کاروائی میں ملوث مزید دو افراد کو چھاپے ماری کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار کئے گئے افراد کی شناخت سرینگر کے رہنے والے اشفاق احمد وانی اور سوپور کے رہنے والے عمر بٹ کے طور پر کی گئی ہے۔ این آئی اے کے مطابق ” یہ معاملہ لشکر طیبہ، جیش محمد، حزب المجاہدین، البدر اور ان کے کیڈرس ریزسٹنس فرنٹ (ٹی آر ایف) اور پیپل اگینسٹ فاشسٹ فورسز (پی اے ایف ایف) جیسی ملحقہ تنظیمیں کے ذریعہ جموں و کشمیر اور دیگر بڑے شہروں میں پرتشدد عسکریت پسندانہ کارروائیاں کرنے کی سازش سے متعلق ہے۔” واضح رہے ایجنسی نے اس حوالے سے رواں ماہ کی 10 تاریخ کو معاملہ (RC 29/2021/NIA/DLI) درج کر کے تحقیقات شروع کی تھی اور اب تک 25 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔










