(سرینگر) ضلع راجوری میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نوشہرہ سیکٹر میں ہفتے کو ہونے والے ایک پراسرار دھماکے میں لیفٹیننٹ رینک کے ایک افسر سمیت دو فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نوشہرہ کے کلال علاقے میں معمول کی گشت کے دوران ایک پراسرار دھماکہ ہوا جس میں ایک لیفٹیننٹ سمیت دو فوجی جوان زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی جوانوں کو فوری طور پر قریبی آرمی ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔ فوج کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق ضلع راجوری سب ڈویژن نوشہرہ کے لام علاقہ میں ایل او سی پر گشت کے دوران، بارودی سرنگ کا ایک دھماکہ ہوا جس میں دو فوجیوں کو شدید چوٹیں آئیں۔ بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ اس دھماکے میں ایک اور اہلکار زخمی ہوا ہے جو زیر علاج ہے۔ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت لیفٹیننٹ رشی کمار اور سپاہی منجیت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔لیفٹیننٹ رشی کمار بہار کے ضلع بیگو سرائے کے رہنے والے تھے، جب کہ سپاہی منجیت سنگھ پنجاب کے بھٹنڈا میں سروے والا کے رہائشی تھے۔










