(سرینگر) محکمہ سیاحت جموںوکشمیر کی جانب سے منعقد کئے جانے والے”آئیکونِک ہفتہ” کے آغاز کے موقعہ پر سرینگر کے میئر جنیدعظیم متو نے ایس کے آئی سی سی سری نگر میں ہفتہ (23 اکتوبر) کو ایک صوفی فیسٹول ’’سپرٹ آف جے اینڈ کے‘‘ کا اِفتتاح کیا۔ اِس موقعہ پر سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمد حفیظ ، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر محمد اعجاز اَسد ، ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو بھی موجود تھے۔ پروگرام ’’ آغازِ نشاط‘‘ کلچرل اکیڈیمی کے اِشتراک سے تصوف پر ایک ڈسکورس کا اہتمام کیا گیا۔ اِس موقعہ پر ایک صوفیانہ گیلری بھی قائم کی گئی جس میں روایتی نمونے، مخطوطات ، قرآن پاک ، بھگوت گیتاکے نایاب نسخے ، صوفی اَدب ، اُنیسویں صدی کے تانبے ، پیتل کے برتن اور انیسویں صدی کے آلات موسیقی کی نمائش کی گئی۔ اِس موقعہ پر جنیدعظیم متو پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود تھے ۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کے فزیکل اور ثقافتی ورثے کے تحفظ اور اِس کی اگلی جنریشن تک سب کی اِجتماعی ذمہ داری کے طور پر منتقل کرنے پر زور دیا۔ شکریہ کی تحریک پیش کرتے ہوئے سیکریٹری سیاحت و ثقافت سرمدحفیظ نے کہا کہ آئیکونِک ہفتہ کا اِنعقاد جموںوکشمیر میں تمام موسمی سیاحتی مقامات کو فروغ دینے کے لئے کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہفتہ بھر کی تقریبات کے دوران جموں و کشمیر کے مختلف سیاحتی مقامات پر ہمارے فن، ثقافت، ضیافتیں، نوادرات، مخطوطات، مذہبی سیاحتی پروگراموں کی نمائش کے لئے مختلف پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔