( نئی دہلی) کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی مزید کمپنیوں کو خطے میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سی آر پی ایف کے ترجمان کے مطابق ’’حال ہی میں جموں و کشمیر میں شہری ہلاکتوں کے متعدد واقعات کے پیش نظر پانچ مزید کمپنیوں کو خطے میں بھیجا جا رہا ہے۔ ان کمپنیوں کو وہاں آئندہ ایک ہفتے کے دوران تعینات کیا جائے گا۔‘‘ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’’اس سے قبل مزید 25 کمپنیوں کو وادی کشمیر بھیجا گیا تھا۔ سی آر پی ایف کے تمام اہلکار مقامی پولیس کو وادی کی صورتحال سے نمٹنے میں تعاون فراہم کریں گے۔‘‘ خیال رہے اس سے قبل بھی مرکزی وزارت داخلہ نے وادی کشمیر میں مزید پانچ ہزار پیرا ملٹری فورسز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق ان میں صرف شہر سرینگر میں ہی تین ہزار اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ اضافی پیرا ملٹری فورسز کو سرینگر میں موجود میریج ہالز/کمیونٹی سنٹرز میں رکھا گیا تھا جس کی مقامی باشندوں کے علاوہ مین سیاسی جماعتوں نے بھی مخالفت کی تھی۔









