(سرینگر) زیون کے قریب سری نگر-جموں ہائی وے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں زخمی ہونے والے 14 پولیس اہلکاروں میں سے دو نے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ یاد رہے پیر کی سہ پہر سرینگر جموں ہائی وے پر آری پورہ زیون کے قریب 9ویں بٹالین آرمڈ پولیس کی ایک بس پر عسکریت پسندوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 14 پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے، جن میں 4کی حالت نازک بتائی جا رہی تھی، جبکہ اب 2 اہلکاروں کی اسپتال میں موت ہو گئی ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہوئے 2 اہلکاروں کی شناخت اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام حسن اور سینئر کانسٹبل محفوظ علی کے طور پر ہوئی ہے جنہوں نے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ حملے کے بعد پورے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن جاری کیا گیا۔ تاہم ابھی تک کسی شخص کی گرفتاری کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔