(سرینگر) لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ نے اپنی تقرری کے منتظر 7 انتظامی افسران کے تبادلے اور تقرریاں کی ہیں۔ ایک سرکاری حکم نامہ کے مطابق ارشد حسین عشائی کو گورنمنٹ ڈینٹل کالج سرینگر میں دستیاب اسامی کی جگہ پر انتظامی افسر تعینات کیا گیا جبکہ راجندر کمار کو گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں دستیاب جگہ پر انچارج انتظامی افسر کے طور پر تعینات کیا گیا۔ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا کہ طارق عمر ہنڈو کو تبدیل کرکے صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر میں انچارج ایڈمنسٹریٹو افسر تعینات کیا گیا جبکہ حمیدہ زرگر کو گورنمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ میں انچارج انتظامی افسر کا چارج دیا گیا۔ اپنی تقرری کے منتظر ہلال احمد وانی کو ڈائریکٹوریٹ، خاندانی بہبود و ٹیکہ کاری میں انچارج انتظامی افسر کے عہدے پر تعینات کیا گیا جبکہ علی محمد ملہ کو گورنمنٹ یونانی میڈیکل کالج گاندربل میں انچارج انتظامی افسر اور نذیر احمد متو کو ڈائریکٹوریٹ آف موٹر گراجز میں بطور انچارج انتظامی افسر کی تقرری کی گئی۔ادھرجموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ میں ایک محرر اور بینچ سیکریٹری کی ترقیاں اور تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ عدالت عالیہ کے رجسٹرار جنرل جواد احمد کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر و لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی سفارشات پر افسران و عملے کی تقرری و ترقی کمیٹی نے بینچ سیکریٹری نازیہ چوہان کو عارضی بنیادوں پر جوائنٹ رجسٹرار و بینچ سیکریٹری تعینات کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ یکم دسمبر کو جوائنٹ رجسٹرار و بینچ سیکریٹری یشپال شرما کی سبکدوشی کے بعد خالی ہوگیا تھا۔ حکم نامہ کے مطابق ریڈر ریگان سنگھ کو عارضی بنیادوں پر ترقی دیکر بینچ سیکریٹری کے طور پر تعینات کیا گیا تھا، جبکہ یہ عہدہ نازیہ چوان کی جوائنٹ رجسٹرار کے طور پر ترقی کے بعد خالی ہوگیا ہے۔