(سرینگر) جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے جمعہ کو صوبہ کشمیر کی ماتحت عدالتوں اور ضلع کشتواڑ، ضلع ڈوڈہ اور ضلع رام بن میں بٹوت، گول، بانہال اور اکھڑال میں واقع عدالتوں اور جموں ڈویژن کے ضلع کٹھوعہ میں بنی کے ساتھ ساتھ لداخ یوٹی میں واقع عدالتوں کے لیے 3 جنوری سے 15 دن کی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا۔ جموں و کشمیر اور لداخ کے رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق، عدالتیں 17 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات منائیں گی۔ پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور متعلقہ اضلاع کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹس سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار کے علاقوں میں ایسی چھٹیوں کے دوران پیدا ہونے والے فوری مجرمانہ معاملات کو نپٹانے کے لیے مناسب انتظامات کریں۔