(راجوری) پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نےکہا ہے کہ حد بندی کمیشن پر پی ڈی پی کو کوئی بھروسہ نہیں ہے، یہ کمیشن بھارتیہ جنتا پارٹی کا ہے۔ راجوری میں منعقدہ یوتھ کنونشن کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے اُنہوں نے ان باتوں کا اظہار کیا۔ ایک سوال کے جواب میں محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی کو حد بندی کمیشن پر کوئی بھروسہ نہیں ہے کیونکہ یہ کمیشن بھارتیہ جنتا پارٹی ہے اور وہ صرف بھاجپا کے اشاروں کے مطابق ہی کام کرے گا، وہیں یہ کمیشن جموں و کشمیر کے طبقہ جات کو تقسیم کرنے کا کام کرے گا اور لوگوں کو بانٹ کر بھاجپا کو فائدہ پہنچائے گا۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ وادی کشمیر میں اسکول کے پرنسپل اور مزدوروں پر حالیہ عسکریت پسندوں کے حملوں سے سیکورٹی سیٹ اپ بخوبی عیاں ہے جس کے باوجود ان حملوں کو روکنے کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ محبوبہ مفتی نے یہ بھی الزام لگایا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی حکومت کے خطوط پر نہیں بڑھ رہی ہے جس کی وجہ سے ای ڈی، این آئی اے جیسی ایجنسیاں پی ڈی پی والوں کے پیچھے ہیں۔ اس ریلی کے دوران اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی پارلیمنٹ جموں و کشمیر سے دفعہ 370 اور 35 اے کو منسوخ نہیں کر سکتی اور یہ اختیار صرف جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے پاس ہے۔