(نئی دہلی) نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبدﷲ نے نئی دہلی میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے جنرل سیکریٹری اور سابق راجیہ سبھا ممبر ڈی راجا کے ساتھ جمعہ کے روز ملاقات کی ہے۔ نیشنل کانفرنس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ’جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے وسیع تر اتحاد کی ضرورت ہے جس کے پیش نظر ڈاکٹر فاروق عبدﷲ نے سی پی آئی کے جنرل سیکریٹری کے ساتھ اہم ملاقات کی ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ دونوں لیڈران نے جموں وکشمیر کی موجودہ صورتحال اور 5 اگست 2019 کے بعد پیدا شدہ حالات کے بارے میں تبادلہ خیالات کیا۔
Party President Dr Farooq Abdullah met @cpofindia leader Mr. D Raja in New Delhi today. Restoration of statehood, Article 370 and other issues concerning J&K were discussed. pic.twitter.com/qLVZmTD6OS
— JKNC (@JKNC_) December 16, 2021
نیشنل کانفرنس ترجمان کے مطابق ’دونوں لیڈران کے درمیان دفعہ 370 اور 35 اے کے ساتھ ساتھ جموں وکشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی بھی زیر غور آئے۔ دونوں لیڈران نے اس بات پر زور دیا کہ جموں وکشمیر کی چھینی ہوئی جمہوریت اور لوگوں کے آئینی حقوق کی بحالی کیلئے اتحاد اور شانہ بہ شانہ چلنے کی ضرورت ہے‘۔ ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں لیڈران کا ماننا تھا کہ ملک کے اندر صحیح سوچ رکھنے والے عوام اور سیاسی جماعتیں جموں وکشمیر کے عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے ایک آواز میں بات کریں اوریہاں کے عوام کی اس جدوجہد میں ان کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کے علاوہ ملک کے سرکردہ لیڈران سے ملاقات کی۔











