(بارہمولہ) ڈائریکٹر لوکل باڈیز کشمیر نے بارہمولہ میونسپل کونسل کے اہلکاروں کے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا سنیجدہ نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایگزیکیٹو افسر سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ریڑھی بانوں کو ہوئے نقصان کا معاوضہ اس غلطی کے مرتکب اہلکاروں سے وصول کریں۔ واضح رہے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں بارہمولہ میونسپل کونسل کے اہلکاروں کو ریڑھی بانوں کی طرف سے فروخت کی جانے والی چیزوں کو تباہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ڈائریکٹر لوکل باڈیز کشمیر نے اس ویڈیو کا سنیجدہ نوٹس لیتے ہوئے منگل کے روز اپنے ایک حکمنامے میں کہا: ’ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بارہمولہ میونسپل کونسل کے اہلکار ریڑھی بانوں کی طرف سے فروخت کئے جانے والی چیزوں کو تباہ کر رہے ہیں‘۔
حکمنامے میں کہا گیا: ’یہ منظر انتہائی دلدوز تھا جس میں میونسپل اہلکار ریڑھی بانوں سے انسانیت سوز سلوک کر رہے ہیں‘۔مذکورہ حکمنامے میں کہا گیا: ’اس قسم کی حرکات محکمے کے لئے بدنامی کا باعث بن جاتی ہیں جس پر میں اپنی برہمی کا اظہار کرتا ہوں‘۔حکمنامے میں ایگزیکیٹو افسر سے کہا گیا ہے کہ وہ غلطی کے مرتکب اہلکاروں سے ریڑھی بانوں کو ہوئے نقصان کی قیمت وصول کریں اور انہیں فوری طور معطل کریں