(نئی دہلی) دبئی کی رئیل اسٹیٹ کمپنی ایم آر (EMAAR) نے کہا ہے کہ وہ سرینگر میں 5 لاکھ مربع فٹ کا شاپنگ مال تیار کرے گی۔ تعمیر ہونے کے بعد یہ مال جموں و کشمیر میں سب سے بڑا ہوگا اور اس ضمن میں دبئی اور جموں و کشمیر کی حکومتوں کے مابین مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔دبئی میں واقع رئیل اسٹیٹ کمپنی ’’ایمار‘‘ کا کہنا ہے کہ وہ سرینگر میں 5 لاکھ مربع فٹ شاپنگ مال تیار کرے گی۔ تعمیر ہونے کے بعد شاپنگ مال مرکز کے زیر انتظام علاقہ جموں و کشمیر میں سب سے بڑا شاپنگ مال ہوگا۔رئیل اسٹیٹ کمپنی ایمار نے ایک بیان میں کہا کہ اس مجوزہ پروجیکٹ میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے دبئی اور جموں و کشمیر کی حکومتوں کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔ بیان کے مطابق ’’یہ یونین ٹیریٹری میں پہلی ایف ڈی آئی سرمایہ کاری ہوگی۔ایم او یو کے مطابق ایمار کمپنی سرینگر میں 5,00,000 مربع فٹ سائز کا ’’ایمار مال‘‘ Emaar Mallتیار کرے گی۔ہندوستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر احمد عبدالرحمن البنا نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ: ’’یو اے ای اور ہندوستان جامع اسٹریٹجک پارٹنر ہیں اور EMAAR کا یہ پروجیکٹ جموں و کشمیر کا سنگ میل ثابت ہوگا۔ میں EMAAR اور اس پروجیکٹ کے تمام شراکت داروں کو مبارکباد دینا چاہوں گا، اور مجھے یقین ہے کہ ہمیں مستقبل قریب میں اس طرح کے مزید اور متعدد پروجیکٹس جموں و کشمیر میں دیکھنے کو ملیں گے۔‘‘ایمار کمپنی کے بانی محمد الابار نے کہا کہ کمپنی جموں و کشمیر کے رہائشیوں سمیت سیاحوں کے لیے عالمی معیار کے شاپنگ مال کی سہولیات پہنچانے کا ارادہ رکھتی ہے۔محمد الابار نے مزید کہا: ’’ایمار گروپ سرینگر میں رئیل اسٹیٹ سمیت مخلوط استعمال کے تجارتی اور رہائشی منصوبوں میں دیگر سرمایہ کاری پر بھی غور کر رہا ہے۔‘‘قابل ذکر ہے کہ ایمار گروپ ہندوستان میں بنیادی طور پر دہلی-این سی آر اور پنجاب میں رئیل اسٹیٹ پروجیکٹس تیار کر رہا ہے۔