(سرینگر) جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے بدھ کے روز جموں و کشمیر حکومت کو عامر ماگرے کے لواحقین کی جانب سے حیدر پورہ مبینہ تصادم آرائی میں ہلاک ہوئے اُن کے بیٹے کی لاش کی واپسی کے لیے دائر رٹ پٹیشن پر جواب دینے کے لیے دس دنوں کی مہلت دی ہے۔ واضع رہے کہ گزشتہ برس 31 دسمبر کو عامر کے والد لطیف ماگرے نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ میں اپنے بیٹے کی لاش کے لیے ایک رٹ پٹیشن دائر کی۔ ماگرے نے درخواست میں عدالت سے مرکزی وزارت داخلہ، جموں و کشمیر انتظامیہ اور ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو عامر کی لاش اہل خانہ کے حوالے کرنے کی ہدایت کرنے کی استدعا کی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 21 کا استعمال کرتے ہوئے، جو مذہبی رسومات اور قواعد کے مطابق باعزت تدفین کے حق میں توسیع کرتا ہے، درخواست گزار نے یہ بھی استدعا کی ہے کہ عامر کی لاش کو مکمل طور پر گلنے سے بچانے کے لیے اسے جلد از جلد نکالنے کی ضرورت ہے۔ یاد رہے 15 نومبر 2021 کو حیدر پورہ سرینگر میں ایک متنازع تصادم آرائی کے دوران تین شہری محمد الطاف بٹ ساکن برزلہ، ڈاکٹر مدثر گُل ساکن راولپورہ سرینگر اور رامبن کے رہنے والے عامر احمد ماگرے ہلاک کیے گئے۔ عامر، ڈاکٹر مدثر گُل کے دفتر میں بطور ہیلپر کام کرتا تھا۔ تاہم، تینوں مقتول شہریوں کے اہل خانہ نے پولیس کے اس بیان کو مسترد کر دیا کہ ان کے رشتہ دار عسکریت پسندی میں ملوث تھے۔











