(سرینگر) نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کورونا کی تیسری لہر میں مسلسل آرہی شدت پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جموں وکشمیر انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ وبائی بیماری کے پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اُٹھانے میں کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا متاثرہ لوگوں میں مسلسل اضافہ ہورہاہے وہ ایک تشویشناک امر ہے اور اگر بروقت اور کارگر اقدامات نہیں اُٹھائے گئے تو یہ وائرس بے قابو ہوجائے گا اور اس وائر س کے بے قابو ہونے کے نتائج ہم نے پہلی دولہروں کے دوران بخوبی دیکھے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر اور رہنما خطوط پر از خود عمل پیرا ہوکر کورونا کی روک تھام میں اپنا تعاون اور اشتراک پیش کریں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اسپتالوں اور قرنطین مراکز پر آکسیجن کی دستیابی کیساتھ ساتھ وینٹی لیٹروں اور ضروری ادویات کا وافر سٹاک دستیاب رکھیں تاکہ متاثرہ بیماروں کو ماضی کی طرح مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑا اور ساتھ ہی ٹیسٹنگ کی سہولیات ہر جگہ دستیاب رکھی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرحضرات ، طبی اور نیم طبی عملہ سے بھی اپیل کی کہ وہ کورونا کی پہلی دو لہروں کی طرح اپنی فرائض خوش اسلوبی کیساتھ انجام دیں اور انسانی جانون کو بچانے کیلئے اپنا کردار نبھائیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ ڈاکٹروں، طبی اور نیم طبی عملہ نے کورونا وائرس کی شروعات سے ہی جن مشکلات کے باوجود لوگوں کا علاج و معالجہ کیا اور اپنے فرائض انجام دیئے وہ ناقابل فراموش ہیں۔