(سرینگر) ہری سنگھ ہائی سٹریٹ سرینگر میں منگل کو مشتبہ عسکریت پسندوں کی طرف سے فورسز اہلکاروں پر گرینیڈ حملے میں کم از کم سات افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک جونیئر پولیس افسر اور تین خواتین شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آج دوپہر مشتبہ عسکریت پسندوں کی جانب سے فروسز پر ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ میں حملہ کیا گیا، گرینیڈ پولیس اور سی آر پی ایف کی پارٹی کی جانب پھیکا گیا تھا جو یوم جمہوریہ کے پیش نظر علاقے میں اضافی تعداد میں تعینات تھے۔ گرینینڈ حملے کے بعد وہاں ایک پولیس کی بلٹ پروف گاڑی دیکھی گئی جس کا ایک ٹائر ناکارہ ہوگیا تھا۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ ٹائر دھماکے سے منتشر ہونے والے آہنی ریزوں زد میں آگیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق دھماکے میں پولیس کے انسداد رشوت ستانی بیورو یا اے سی بی کا ایک انسپکٹر تنویر حسین ساکن بڈگام بھی زخمی ہوا ہے۔ زخمیوں کو علاج کیلئےای ایم ایچ ایس منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کا علاج جاری ہے۔ خیال رہے سرینگر اور دیگر قصبہ جات میں یوم جمہوریہ کی تقاریب منانے کے سلسلے میں فورسز اہلکاروں نے نگرانی بڑھا دی ہے اور گزشتہ ایک ہفتے سے سرینگر شہر میں تلاشی کارروائیاں جاری تھی۔