(سرینگر) انڈین آرمی کی شمالی کمان کے کمانڈر لیفٹینٹ جنرل اوپندرا دیویدی کا تین روزہ دورہ وادی کشمیر بدھ کے روز اختتام پذیر ہوا۔یہ ان کا فوج کے شمالی کمان کی باگ ڈور سنبھالنے کے بعد پہلا دورہ کشمیر تھا اور اس دورے کے دوران انہوں نے یہاں تازہ سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔ایک دفاعی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں موصوف کمانڈر کے دورہ کشمیر کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ موصوف فوجی کمانڈر کو چنار کور کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے نے وادی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی اور انہیں مخالفین کے چلینجز کا مقابلہ کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی۔لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی پیر کے روز اپنے پہلے دورہ کشمیر پر یہاں پہنچے تھے۔بیان میں کہا گیا کہ موصوف آرمی کمانڈر نے اپنے دورے کے دوران چنار کور کے سینئر افسروں کے ساتھ بات چیت کی اور لائن آف کنٹرول پر قائم مستحکم در اندازی مخالف گرڈ کی سراہنا کی۔موصوف ترجمان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندرا دیویدی نے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کرنے کے لئے فوج کے نظم و ضبط کی داد دی۔انہوں نے کہا کہ موصوف کمانڈر نے وادی میں چنار کور کی طرف سے چلائے جانے والے ملی ٹنسی مخالف آپریشنز کی بھی تعریفیں کیں۔ان کا بیان میں کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ جنرل نے تین سال قبل پلوامہ حملے میں مرنے والے چالیس سی آر پی ایف اہلکاروں کو بھی شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔بیان کے مطابق موصوف فوجی کمانڈر نے سول سوسائٹی ممبروں کے ساتھ بھی ملاقات کی۔موصوف ترجمان نے کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل دیویدی نے مختلف ایجنسیوں کی طرف سے کشمیر میں قیام امن کے لئے اٹھائے جا رہے اقدام کی بھی سراہنا کی.