(سرینگر) وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں ہے اورگذشتہ شب بھی وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں اگلے 48 گھٹنوں کے دوران کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارش ہونے کا امکان ہے ۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے. سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا. گلمرگ جہاں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا. پہلگام جہاں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔سرحدی ضلع کپوارہ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے ، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دریں اثنا وادی میں جمعے کے روز صبح سے ہی موسم خشک مگر ابر آلود رہا۔وادی میں تازہ بھاری برف باری کے بعد شہر و گام کی سڑکیں زیر آب ہیں۔لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں پانی جمع ہے اور سڑکوں کے کنارے کیچڑ سے بھرے ہوئے ہیں جس نے لوگوں کا خاص کر عمر رسیدہ افراد اور بچوں کا گھروں سے باہر نکلنا از بس محال کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان گڑھوں سے اٹھنے والی چھینٹیں دور دور تک سفر کرنے والے راہگیروں کو تعاقب کرکے انہیں کہیں کا نہیں چھوڑتی ہیں۔










