(سرینگر) صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے اور انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وجے کمار نے آج تاریخی جامع مسجد کا دورہ کیا اور مسجد کو نماز جمعہ کے لیے دوبارہ کھولنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق اعلیٰ افسران نے جامع مسجد کے امام اور انجمن اوقاف جامع مسجد کے سکریٹری سے بھی میٹنگ کی۔ واضح رہے کہ مسلسل 30ہفتوں سے تاریخی مسجد میں جمعہ کی نماز کی ادائیگی پر مسلسل پابندی ہے۔ ایک حالیہ بیان میں اوقاف نے مسجد میں مسلمانوں کی فرض نماز کی اجازت سے منع کرنے کو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت” قرار دیا تھا۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے باہر ہے کہ جب جموں و کشمیر سمیت دنیا بھر کے تمام مذاہب کے ماننے والے اپنے اپنے مذہبی عبادت گاہوں میں حاضری دے رہے ہیں اور رسومات ادا کر رہے ہیں، تو کشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ جامع مسجد میں نمازوں کو کیوں روکا جا رہا ہے۔