(جموں) این آئی اے کی ایک ٹیم اُدھم پور میں ہوئے دھماکے کی تحقیقات کے لئے جموں پہنچی اور جمعے کے روز جائے وقوع کا دورہ کیا ۔ یاد رہے اُدھم پور کے سلاتھیہ چوک میں بدھ کے روز ہوئے دھماکے میں ایک شہری از جان جبکہ 15دیگر زخمی ہوئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق این آئی اے کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم سینئر آفیسران کے ہمراہ جمعے کے روز اُدھم پور پہنچ گئی ۔ معلوم ہوا ہے کہ جمعے کی صبح کو ٹیم نے سلاتھیہ چوک اُدھم پور میں بلاسٹ سائٹ کا جائزہ لیا او روہاں پر آفیسران کے ساتھ اس بارے میں جانکاری حاصل کی۔ تفتیشی ٹیم نے اسٹیٹ انوسٹی گیشن ایجنسی کے سینئر آفیسران کے ساتھ بھی اس حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس کے ساتھ ہی مختلف مقامات پر نصب سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی گئی ہے تاکہ تحقیقاتی عمل کو آگے بڑھایا جاسکے۔ دریں اثنا اُدھم پور اور اُس کے ملحقہ علاقوں میں سرگرم ملی ٹینٹ اعانت کاروں کی بھی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں تاکہ ملوثین کا پتہ لگا کر اُنہیں گرفتار کیا جاسکے۔











