(جموں) جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان کو گذشتہ روز مرکزی حکومت نے دہلی بلا لیا تھا اور مرکزی حکومت کے اعلی حکام کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد انہوں نے استعفی پیش کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ان کو جموں وکشمیر میں بی جے پی کے بڑے عہدے کی ذمہ داریاں دی جاری ہیں۔ میڈیاسے بات کرتے ہوئے فاروق خان نے استفعی دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیاسی میدان میں واپس جانا چاہتے ہیں۔ انکا کہنا ہے کہ انہوں نےدہلی میں وزیر داخلہ کو استعفی پیش کردیا ہے۔ واضح رہے کہ فاروق خان جموں و کشمیر پولیس کے سابق آئی جی پی رہ چکے ہیں اور جموں و کشمیر میں گورنر راج کے بعد ان کو مشیر تعینات کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ ان کے والد آر ایس ایس کے ساتھ منسلک رہے تھے اور خود انہوں نے بی جی پی میں شمولیت کی تھی۔ جانکار حلقوں کے مطابق فاروق خان جموں میں مسلم ورٹرز کو بی جی پی کی جانب لبھانے کی سعی کریں گے جس کے لیے پارٹی ہائی کمان نے انہیں خصوصی مشن سونپ دیا ہے. دریں اثنا فاروق خان کے مستعفی ہونے کے بعد ایل جی کا ایک ہی مشیر ہے۔