(نئی دہلی) جموں و کشمیر حد بندی کمیشن اپریل کے آخر تک حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کرسکتا ہے۔ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے اپنی رپورٹ پیش کرنے کے بعد، مرکز جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کر سکتی ہے۔ رپورٹ میں یہ ہ بھی کہا گیا کہ مرکز سیکورٹی کے پہلوؤں سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔ڈرافٹ رول شائع کیا جائے گا، جس کے بعد ووٹر لسٹ کی تصدیق کی جائے گی۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ مرکز کل جماعتی میٹنگ کے دوران اس پر بات کرے گا۔ خیال رہے کمیشن نے جموں خطہ میں 6 نئے اسمبلی حلقوں کی تجویز پیش کی ہے جو ادھم پور، راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ، سانبہ اور کشتواڑ اضلاع سے بنائے جائیں گے۔ اس سے جموں خطہ میں اسمبلی سیٹوں کی تعداد 37 سے بڑھ کر 43 ہو جائے گی۔اسی طرح، وادی کشمیر میں ایک نئی نشست تجویز کی گئی ہے، جو موجودہ ضلع کپواڑہ سے الگ کی جائے گی، اس طرح کشمیر کے علاقے میں اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 46 سے بڑھ کر 47 ہو جائیں گی۔ واضح رہے کمیشن کی سربراہی سپریم کورٹ کی سابق جسٹس رنجنا دیسائی کر رہی ہیں، اور اس میں چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا اور ریاستی الیکشن کمشنر شامل ہیں۔ یہ کمیشن 6 مارچ 2020 کو جموں و کشمیر کے پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے ایک سال کی مدت کے ساتھ، مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تنظیم نو کے چھ ماہ بعد قائم کیا گیا تھا۔کمیشن کو 2021 میں ایک سال اور مرکز نے 6 مارچ 2022 کو دوبارہ دو ماہ کی توسیع دی تھی.









