(جموں) جموں و کشمیر اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری کا دعویٰ ہے کہ جموں و کشمیر میں اگلی سرکار ان کی پارٹی کی ہی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے لوگوں کو احساس ہوگیا ہے کہ اپنی پارٹی ہی وہ واحد پارٹی ہے جس پر بھروسہ کیا جاسکتا ہے۔موصوف صدر نے ان باتوں کا ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’اپنی پارٹی کا کاروان آگے بڑھ رہا ہے لوگوں کو احساس ہوگیا ہے کہ یہی واحد پارٹی ہے جو سچ بولتی ہے اور جس پر بھروسہ کیا جا سکتا ہے لہذا جموں و کشمیر میں اگلی سرکار اپنی پارٹی کی ہی ہوگی‘۔وادی میں حالیہ ہلاکتوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ وادی میں حالات پر امن ہیں ان ہلاکتوں کو حالات خراب ہونے سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا ہے۔مسٹر بخاری نے کہا کہ ہمارا علاقہ ایک حساس علاقہ ہے اور کچھ طاقتیں یہاں امن نہیں چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جس کا قتل کیا جا رہا ہے وہ انسانیت کا قتل ہے.