(بڈگام) بڈگام ضلع کے آروا گاؤں بیرواہ میں اتوار کو دو فریقوں کے درمیان زمینی تنازعہ پر ہونے والی جھڑپوں کے بعد پتھر بازی میں کم از کم چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے اور ایک گاﺅ خانہ کو نذرِ آتش کر دیا گیا۔ ایک پولیس اہلکار کے حوالے سے مقامی نیوز ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ زمین کے تنازعہ کی وجہ سے پیدا تنازعے کو حل کرنے کے لیے ایک پولیس پارٹی کو علاقے میں بھیجا گیا تھا، لیکن اس پر پتھراؤ کیا گیا جس کے نتیجے میں چھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ تمام پولیس اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ جھڑپوں کے بعد، محمد مقبول ڈار کے گاﺅ خانہ کو بھی ایک اور فریق نے جلا دیا، جو کہ پولیس کے مطابق زیر سماعت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔