(جموں) جموں پولیس نے جمعے کے روز تین مقامات پر چھاپے ڈالے اور وہاں سے کالعدم تنظیم جماعت اسلامی سے وابستہ قابل اعتراض مواد کو ضبط کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں پولیس نے جمعے کے روز تین مقامات پر چھاپے ڈالے۔انہوں نے بتایا کہ سال 2007 میں درج کئے گئے کیس کے سلسلے میں چھاپہ ماری کی گئی جس دوران جماعت اسلامی سے وابستہ قابل اعتراض مواد کو برآمد کیا گیا ہے۔اُن کے مطابق اس حوالے سے بڑے پیمانے پر تحقیقات شروع کی گئی ہے اور گرفتاریوں کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ایس ایس پی جموں چندن کوہلی نے چھاپہ ماری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جموں کے سنجوا اور دلپاٹین علاقے میں چھاپے مارے گئے۔انہوں نے بتایا کہ چھاپے سال 2007 میں درج کیس کے سلسلے میں ڈالے گئے ۔اُن کے مطابق تلاشی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم جماعت اسلامی سے وابستہ قابل اعتراض مواد ضبط کیا گیا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات کا دائرہ اب وسیع کیا گیا ہے.