(رام بن) سرینگر جموں قومی شاہراہ پر رام بن میں زیر تعمیر چار لین والی سرنگ کا ایک حصہ منہدم ہو گیا، جس سے چار افراد زخمی ہو گئے اور کئی دیگر پھنس گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق خونی نالہ میں سرنگ کے اگلے حصے کا ایک چھوٹا سا حصہ جمعرات کی رات ایک آڈٹ کے دوران گر گیا، جس کے بعد پولیس اور فوج نے فوری طور پر ایک مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا ۔حکام نے بتایا کہ چار افراد کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا، اور کئی دیگر اب بھی سرنگ کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بلڈوزر اور ٹرک سمیت کئی مشینوں اور گاڑیوں کو، جو سرنگ کے اگلے حصے پر کھڑے تھے، کو نقصان پہنچا۔حکام کے مطابق، رام بن کے ڈپٹی کمشنر مسرت الاسلام اور پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ موہیتا شرما موقع پر موجود ہیں، جو ریسکیو آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرنگ کے اندر پھنسے افراد کا تعلق اس کمپنی سے ہے جو سرنگ کا آڈٹ کرنے کا کام کرتی ہے۔حکام نے مزید کہا کہ بانہال سے کئی ایمبولینسیں اس مقام پر روانہ کی گئیں ہیں.










