(رام بن) سرینگر جموں شاہراہ پر خونی نالہ کے نزدیک ٹنل ڈہہ جانے کے نتیجے میں ملبے کے نیچے دفن دس مزدوروں کی لاشوں کو باز یاب کرنے کی خاطر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔معلوم ہوا ہے کہ ہفتے کے روز ریسکیو ٹیم نے اب تک منہدم ٹنل کے ملبے سے 9مزدوروں کی لاشوں کو برآمد کر لیا ہے۔ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت السلام نے ایک ٹویٹ کرکے بتایا کہ ملبے سے ابھی تک 9لاشیں برآمد کی گئی ہیں، باقی ایک کی تلاش بھی جاری ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک ایف آئی بھی درج کر لی گئی ہے اور معاملے کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سرینگر جموں شاہراہ پر زیر تعمیر ٹنل گرنے کے بعد ملبے کے نیچے پھنسے مزدوروں کو نکالنے کی خاطر سنیچر کی صبح کو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ، فوج ، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے۔










