سری نگر//پولیس نے پیر کے روز شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے گوشہ بگ علاقے میں گزشتہ ہفتے ایک سرپنچ کے قتل کی واردات میں لشکر طیبہ کے تین عسکریت پسندوں کو ان کے ساتھی سمیت گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
15 اپریل کو عسکریت پسندوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے گوشہ بگ کے سرپنچ منظور احمد بانگو کے قتل کے کیس کی تفتیش کے دوران تین ملزمان نور محمد یتو ولد غلام حسن یتو، محمد رفیق پرے ولد محمد اکبر پرے اور عاشق حسین پارے ولد عبدالعزیز، رحمن پرے، تمام گوشہ بگ پٹن کے رہائشی، کو عسکریت پسندی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے بارے میں قابل اعتماد ذرائع سے معلومات ملنے کے بعد گرفتار کیا گیا”۔
افسر نے بتایا کہ گرفتار تینوں نے انکشاف کیا کہ وہ لشکر طیبہ تنظیم کے ایک او جی ڈبلیو محمد افضل لون سے رابطے میں تھے جو اس وقت عدالتی حراست میں ہے۔
افسر نے بتایا کہ لون نے اپنے قریبی معاون نور محمد یتو کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے علاقے کے دو افراد کو لشکر طیبہ کی صفوں میں شامل ہونے کی ترغیب دیں اور مزید کہا کہ نور نے بدلے میں محمد رفیق پرے اور عاشق حسین پرے سے رابطہ کیا، دونوں گوشہ بگ کے رہائشی ہیں اور انہیں لشکر طیبہ میں شامل ہونے کی ترغیب دی۔
یتو نے دونوں کو اپنے بہنوئی معراج الدین ڈار ولد ثناء اللہ ڈار ساکنہ گنڈ جہانگیر حاجن بانڈی پورہ کے ساتھ ذاتی طور پر لون سے ملنےکی ہدایت کی، ”افسر نے مزید کہا کہ تینوں نے لون سے ملاقات کی جس نے انہیں حوصلہ دیا اور ہدف مقرر کیا۔ "کچھ دنوں کے بعد لون نے یتو کو مہراج الدین ڈار کے ذریعے رفیق پرے اور عاشق پرے کے لیے اسلحہ اور گولہ بارود (دو پستول، دو دستی بم اور دو میگزین) بھیجے جن میں سیاسی وابستگی رکھنے والے افراد خاص طور پر پٹن علاقے کے سرپنچوں کو قتل کرنے کی ہدایت دی گئی۔