//محمد یاسین ملک سربراہ ممنوعہ تنظیم لبریشن فرنٹ کو این آئی اے کورٹ کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد جموں وکشمیر کی مجموعی سلامتی صورتحال ،جنگجوئیانہ سرگرمیوں،دراندازی کے خدشات کے پیش نظر نئی دلی میں وزارت داخلہ کی ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہورہی ہے جس میں ممکنہ طور پر جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ انتظامیہ اور حفاظتی اداروں کے سربراہاں حصہ لے رہے ہیں۔ معلوم ہواکہ مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کی زیرصدارت اس جائزہ میٹنگ میں جموں وکشمیر کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہاکے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر اجیت کمارڈوول ،انٹلی جنس بیورﺅ IBکے سربراہ ،آرمی چیف،مر کزی داخلہ سیکریٹری ،جموں وکشمیرپولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ ،سی آرپی ایف کے ڈائریکٹر جنرل اوروزارت داخلہ ومختلف اداروںکے اعلیٰ افسران بھی موجودرہیں گے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کے دفتر واقع نارتھ بلاک نئی دہلی میں منعقدہونے والی یہ اہم سیکورٹی جائزہ میٹنگ میںلبریشن فرنٹ کے سربراہ محمد یاسین ملک کو این آئی اے کی عدالت کی جانب سے عمر قید کی سزائے سنائے جانے کے بعد مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ کوجموں وکشمیرکی اندرونی سیکورٹی وسیاسی صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا جبکہ اس اہم میٹنگ میں سرحدی حالات وواقعات ،جنگجوﺅں کی سرگرمیوں ،جنگجومخالف کارروائیوں کے علاوہ لائن آف کنٹرول پرکئے گئے اضافی سیکورٹی اقدامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی جائے گی ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حالیہ دنوں ایک کشمیری پنڈت راہل بٹ کی ہلاکت کے بعد بھی جموں کشمیر کے حوالے سے وزارت داخلہ کی سربراہی میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی تھی جسمیں ایل جی منوج سنہا کے علاوہ دیگر سرکاری عہدیداروںنے شرکت کی تھی ۔