امت نیوز ڈیسک // جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے ہندواڑہ علاقے میں ایک پیر سے معذور طالب علم پرویز احمد کی مشکلات جلد ختم ہونے والی ہیں۔ ایک پیر سے تین کلیومیٹر کی دوری طے کر کے اسکول پہنچنے والے اس طالب کا ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد جے پور کی ایک این جی او نے پرویز احمد کو مفت میں مصنوعی پیر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ این جی او معذور افراد کی جسمانی، معاشی اور سماجی بحالی کے لیے کام کرتی ہے ۔
این جی او کے چیئرمین پریم بھنڈاری نے ٹویٹر پر پرویز احمد کو مصنوعی پیر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ دراصل نوگام ماور کے رہنے والے پرویز احمد کا ایک پیر حادثے میں جھلس گیا تھا اور جان بچانے کے لیے ڈاکٹروں نے ان کے ایک پیر کو کاٹ دیا۔ جس کے بعد وہ علم حاصل کرنے کے لیے روزانہ تین کیلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے اسکول پہنچتے ہیں۔
حالیہ دنوں میں پرویز احمد کے والد غلام احمد نے انتظامیہ سے مدد کی اپیل کی تھی۔ پریم بھنڈاری کے اعلان کے بعد اب وہ جلد ہی دو پیروں پرعام طلبہ کی طرح بہ آسانی اسکول جا سکے گا۔ ای ٹی وی بھارت)