امت نیوز ڈیسک // اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ کے دھولانا علاقے میں ایک الکٹرانک اشیاء بنانے والی ایک کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آگ لگنے سے 8مزدوروں کی زندہ جھلسنے سے موت ہوگئی جبکہ 15 افراد شدید طور سے زخمی ہوگئے۔
تمام زخمیوں کو نزدیکی کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں داخل کرایا گیا ہے جہاں کئی کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ مہلوکین کی تعداد میں مزید اضافے کے شبہات ہیں۔
پولیس کے مطابق ضلع ہاپوڑ کے ہیڈکوارٹر سے تقریبا 22کلومیٹر دور دھولانا علاقے میں یو پی آئی ڈی کی الکٹرانک اشیاء بنانے والی فیکٹری اچانک خوفناک آگ لگ گئی۔ یہ حادثہ ہفتہ کو دوپہر بعد تقریبا سوا تین بجے پیش آیا جب فیکٹری میں تیز دھماکے کے ساتھ چاروں جانب آگ پھیل گئی۔ کچھ ہی دیر میں آگ نے خوفناک شکل اختیار کرلیا اور فیکٹری میں کام کرنے والے تقریبا 2درجن مزدور پھنس گئے۔
جب تک آگ بجھانے کا کام شروع ہوتا اندر پھنسے چھ مزدوروں کی زندہ جل جانے سے موت ہوگئی۔ جبکہ اسپتال میں زیر علاج مزید 2مزدور زخموں کی تاب نہ لاسکے اور دم توڑ دیا۔شدید طور سے زخمی 15مزدوروں کا علاج چل رہا ہے ۔آتشی کیمیکل کے آگ پکڑنے کی وجہ سے آگ بے قابو ہوگئی۔آس پاس کے اضلاع سے کئی دمکل گاڑیوں کو بلانا پڑا۔کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا۔
میرٹھ زون کے انسپکٹر جنرل آف پولیس پروین کمار نے بتایا کہ ایک الکٹرانک اشیاء پروڈکشن اکائی میں ہوئے دھماکہ میں 8افراد کی موت ہوگئی جبکہ 15افراد زخمی ہوگئےانہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے اور جو بھی اس کے لئے ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
یواین آئی