امت نیوز ڈیسک // جموں و کشمیر پولیس نے دارالحکومت سرینگر کے مضافات بمنہ علاقے میں ایک تصادم میں لشکر طیبہ تنظیم کے دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔ کشمیر پولیس زون نے انسپکٹر جنرل وجے کمار کے نام منسوب ٹویٹ کیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ بیمینہ میں پولیس نے ایک "تیز” آپریشن میں ان دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار کو معمولی چوٹ آئی ہے.وجے کمار کا کہنا ہے کہ ‘ہلاک شدہ عسکریت پسندوں کی شناخت پاکستان کے عبداللہ گوجری اور عادل حسین میر کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان عسکریت پسندوں کی ہلاکت پولیس کے لئے بڑی کامیابی ہے کیونکہ یہ دونوں آنے والے امرناتھ یاترا پر حملہ کرنے والے تھے۔’ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ عبداللہ گوجری پاکستان کے فیصل آباد علاقے جبکہ عادل حسین ضلع اننت ناگ کا رہنے والا تھا۔ عادل حسین میر سنہ 2018 میں پاکستان باضابطہ ویزا کے ذریعے گیا تھا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ یہ دونوں عسکریت پسند سوپور انکاونٹر سے فرار ہوئے تھے اور پولیس ان کے تعاقب میں تھی۔