سری نگر//گو فرسٹ ائیر لائنز سری نگر سے شارجاہ کے درمیان براہ راست پروازوں کا سلسلہ ماہ رواں کے آخر تک بحال کر رہی ہے۔
مذکورہ ائیرلائنز نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ائیر لائنز کو سری نگر سے شارجاہ روٹ پر براہ راست ہفتے میں پانچ پروازیں چلانے کے دو طرفہ حقوق حال میں حاصل ہوئے ہیں جن کی حتمی منظوری کا انتظار ہے۔
بیان میں کہا گیا: ‘گو فرسٹ کشمیر سے شارجاہ کے درمیان راست پروازوں کا سلسلہ ماہ جون کے آخر تک بحال کرے گا‘۔
ائیر لائنز نے کہا کہ وہ 30 جون سے شروع ہونے والی شری امرناتھ یاترا کی اضافی مانگ کو پورا کرنے کے لئے سری نگر سے دہلی کے درمیان پانچ راست اضافی پروازوں اور لیہہ سے دہلی کے درمیان دو اضافی پروازوں کو بھی متعارف کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ نئی پروازیں یاتریوں کو سفر کرنے کے اختیارات فراہم کریں گی۔
بیان میں کہا گیا کہ سری نگر سے شارجاہ کے درمیان راست پروازوں کے سلسلے کی بحالی گوفرسٹ کے لئے ایک اعزاز ہے اور اس سے بین الاقوامی رابطہ بہتر ہوگا۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے سال گذشتہ کے ماہ اکتوبر میں سری نگر سے شارجاہ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی تھیں۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سال گذشتہ کے 23 اکتوبر کو اس شارجاہ فلائٹ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔
بتایا جاتا تھا کہ اس سروس سے جموں وکشمیر میں شعبہ سیاحت کو کافی فروغ ملے گا۔
لیکن یہ سروس اس وقت مشکلات کا شکار ہوئی تھی جب پاکستان نے یہ دس روز بعد ہی اپنے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پاکستان کے اس فیصلے پر افسوس ظاہر کیا تھا۔