سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبدا للہ نے جمعے کے روز کہاکہ این سی روز اول سے ہی جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر اعتماد رکھتی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی جماعت نے ناانصافی اور غلامی کے خلاف تحریک شروع کی تھی تاکہ ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کو اپنے بنیادی حقوق حاصل ہوسکیں اور وہ راحت اور آرام کی زندگی بسر کرسکیں۔
ان باتوں کا اظہارموصوف نے ماگام میں پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ہم اپنی ریاست کی شناخت، انفرادیت، وحدت اور صدیوں کا بھائی چارہ ہر قیمت پر قائم و دائم رکھنے کیلئے پُرعزم ہیں۔
مہنگائی اور ریکارڈ توڑ بے روزگاری پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے فاروق عبدا للہ نے کہا کہ جب تک ریاست کا خصوصی درجہ واپس کیا جائے اور جو حقوق اور مراعات ہمیں دفعہ370اور 35اے کے تحت آئین ہند نے دیئے تھے انہیں واپس کرنے سے ہی ریاست میں تعمیر و ترقی اور خوشحالی آسکتی ہے اور ان حقوق کی حصولی کیلئے ہم قانونی اور آئینی جنگ لڑ رہے ہیں.