سنبھل: اتر پردیش کے سنبھل میں اتوار کو ہندو دیوتاؤں کی مبینہ توہین کا ایک معاملہ سامنے آیا۔ رپورٹ کے مطابق سنبھل میں ہندو دیوتاؤں کی تصویروں والے کاغذ کے ٹکڑے پر مبینہ طور پر چکن فروخت کر کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے اور پولیس پر حملہ کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔ اتر پردیش پولیس نے خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کو بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا۔
پولیس نے بتایا کہ کچھ لوگوں نے شکایت کی تھی کہ طالب حسین نامی ایک شخص مبینہ طور پر اپنی دکان سے ہندو دیوتا کی تصویر والے کاغذ پر چکن فروخت کر رہا ہے، جس سے ان کے مذہبی جذبات مجروح ہو رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے مطابق جب پولیس کی ایک ٹیم طالب حسین کی چکن شاپ پر پہنچی تو انہوں نے مبینہ طور پر پولیس پر چاقو سے حملہ کیا۔ پولیس نے اپنی ایف آئی آر میں بھی اس حملے کا ذکر کیا ہے۔