نئی دہلی: دروپدی مرمو نے پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں ملک کی 15ویں صدر کے طور پر حلف لیا۔ اس موقع پر سابق صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو، وزیر اعظم نریندر مودی سمیت کئی سینئر لیڈر اور مشہور شخصیات موجود تھیں۔ چیف جسٹس این وی رمنا نے انہیں حلف دلایا۔ اس موقع پر ان کے اعزاز میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ منتخب صدر دروپدی مرمو حلف لینے سے پہلے اپنی رہائش گاہ سے راج گھاٹ پہنچی اور یہاں مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
حلف برداری کی تقریب صبح تقریباً 10.15 بجے پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال میں منعقد ہوئی۔ مرمو ملک کی 15ویں اور پہلی قبائلی صدر بن گئیں۔ وہیں آزادی کے 75ویں سال میں دروپدی مرمو ملک کی دوسری خاتون صدر بن گئی ہیں۔صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے حلف لینے کے بعد کہا، "آپ کی وابستگی، اعتماد اور آپ کی حمایت میرے لیے اس نئی ذمہ داری کو نبھانے میں میری سب سے بڑی طاقت ہوگی۔ ملک نے مجھے ایسے اہم دور میں صدر منتخب کیا ہے جب ہم اپنی آزادی کا امرت کا تہوار منا رہے ہیں۔ آج سے چند روز بعد ملک اپنی آزادی کے 75 سال مکمل کر لے گا۔’
انہوں نے کہا، "میں بھارت کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے کے لیے منتخب ہونے پر تمام اراکین پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلی کے تمام اراکین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔ آپ کا ووٹ ملک کے کروڑوں شہریوں کے اعتماد کا اظہار ہے۔”