امت نیوز ڈیسک // ضلع اننت ناگ کے پہلگام میں موجود امرناتھ گُپھا کے قریب منگل کی دوپہر 3 بجے کے قریب تیز بارش اور بادل پھٹ جانے سے ایک بار پھر سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔تاہم سیلابی صورتحال کے دوران کسی بھی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ۔
ذرائع کے مطابق آج دوپہر 3 بجے کے قریب امرناتھ گُپھا کے قریب اچانک تیز بارش شروع ہوئی جس کے بعد اوپری علاقوں میں بادل پھٹنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔ تاہم ایس ڈی آر ایف، اور سکیورٹی فورسز کی ٹیمیں مستعد تھیں جنہوں نے فوری طور پر یاتریوں کو دوسری جگہ منتقل کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ریسکیو ٹیم نے 4 ہزار کے قریب یاتریوں کو محفوظ مقام کی جانب منتقل کیا اور حالات کو قابو میں کر لیا ای ٹی وی بھارت کو ملی جانکاری کے مطابق تمام یاتری محفوظ ہیں اور اس واقع کے دوران کوئی بھی نقصان نہیں ہوا ہے۔
بتادیں کہ 8 جولائی کو امرناتھ گُپھا کے نزدیک بادل پھٹنے کے ایک واقعے میں 16 یاتری ہلاک جبکہ 15 دیگر زخمی ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ سطح سمندر سے 3888 میٹرز کی بلندی پر واقع ایک پہاڑی غار میں گرما کے دوران بننے والی ایک برفانی شبیہ کو شیولنگ کے ساتھ منسوب کیا جاتا ہے جس کی ہندو عقیدت مند پوجا کرتے ہیں۔ امرناتھ یاتریوں کے لیے اس سال آن لائن ہیلی کاپٹر بکنگ سروس بھی شروع کی گئی ہے۔ 43 دنوں تک جاری رہنے والی یاترا 11 آگست کے روز اختتام پذیر ہوگی۔