امت نیوز ڈیسک //
مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمییر کے گرمائی دارلحکومت سرینگر میں واقع بخشی اسٹیڈیم کا پانچ اگست کو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا افتتاح کرینگے،اس موقع پر کھلاڑیوں کے لیے اسٹیڈیم کے افتتاح کا جشن منانے کے لیے فٹ بال نمائشی کھیل کا انعقاد کیا جائیگا،جموں و کشمیر کے بہترین فٹ بال کھلاڑی اس کھیل میں حصہ لیں گے۔
اس ایونٹ میں جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے ٹرینی ایتھلیٹس کی شرکت کی توقع ہے، اور یہ کھیل فلڈ لائٹس میں کھیلے جانے کی توقع ہے،اس مقصد کے لیے جے اینڈ کے اسپورٹس کونسل تیاریاں کر رہی ہے، اور انتظامات کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے،کونسل نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس کے ساتھ اس تقریب کے لیے تعاون کیا ہے، اور توقع ہے کہ تقریباً 20000 شائقین تماشائی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ بخشی اسٹیڈیم سرینگر کی اپ گریڈیشن کا کام 2017 میں ایک مرکزی اسپانسرڈ اسکیم کے تحت شروع ہوا تھا، اپ گریڈیشن کا کام نیشنل پراجیکٹس کنسٹرکشن کارپوریشن کو سونپا گیا تھا،بخشی اسٹیڈیم جموں و کشمیر اور بھارت کے بڑے اسٹیڈیموں میں سے ایک ہے، جس میں تقریباً 45000 سیٹوں کی گنجائش ہے۔ اس میں جموں و کشمیر میں منعقدہ کچھ ہائی پروفائل فٹ بال میچوں اور ایونٹس کی میزبانی کی گئی ہے۔
اسٹیڈیم فٹ بال ٹرف اور آؤٹ فیلڈ کو فیفا کے اصولوں کے مطابق اپ گریڈ کیا گیا ہے، جس میں رات کے کھیلوں کی سہولت ہے۔ اس میں 40.85 کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے کئی اپ گریڈیشن کاموں کے ساتھ بڑے پیمانے پر تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے ۔